بیلتنگڈی 24؍اپریل (ایس اونیوز) کوُکّلا گاؤں کے رہنے والے ایک شخص نے پونجالکٹّے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی کہ جب 19اپریل کواس کے گھر کے لوگ شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے لئے باہر گئے ہوئے تھے تو چوروں نے گھر میں گھس کر نقدی اور سونے کے زیورات پر ہاتھ صاف کردیا ہے۔
مگر اس معاملے میں حیرت انگیز موڑ اس وقت آیا جب پولیس کوتحقیقات کے بعد پتہ چلاکہ شکایت کنندہ نے ہی گھر کا مال چوری کیا ہے اور جھوٹی کہانی گڑھتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کی ہے۔اصل میں پولیس کوتفتیش کے دوران صادق کی باتوں پر کچھ شک ہوا اور انہوں نے اس سے سختی کے ساتھ پوچھ تاچھ کی تو اس نے اپنے جرم کا اقرار کرلیا۔
اپنے ہی گھر میں چوری کی واردات انجام دینے والے شخص کا نام صادق (30سال) ابن یوسف بیاری ہے جوکہ گمپڈڈا کا رہنے والا ہے۔پولیس نے صادق کو گرفتار کرنے کے بعد چرائے گئے 62گرام وزنی سونے کے زیورات اور نقد رقم برآمد کرلی ہے۔
بیلتنگڈی پولیس سرکل انسپکٹر سندیش کمار اور پونجلکٹّے سب انسپکٹر کے آر سنیتا نے اپنے اعلیٰ افسران کی نگرانی اس کیس کی تحقیقات کی او ر تین چار دنوں کے اندراصل مجرم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئے۔